
گومل یونیورسٹی کے24طلبہ کو وزارت منصوبہ بندی کے تعاون سے اعزازیہ انٹرن شپ دینے کے معاہدہ پر دستخط کر دیئے گئے۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی ہدایات اور ڈائریکٹر کیرئیر کونسلنگ اینڈ سکالر شپ ڈاکٹر حامد خان کی کوششوں سے وزارت منصوبہ بندی و ترقیات اور گومل یونیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے بااختیار نوجوان پروگرام کے تحت وزارت منصوبہ بندی و ترقیات گومل یونیورسٹی کے24طلبہ کو پچیس ہزار روپے ماہوار اعزازیہ کے تحت انٹرن شپ کی سہولت فراہم کرے گی۔ معاہدہ پر گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور وزارت منصوبہ بندی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر برائےHNEYGپراجیکٹ شعیب فدا خان تنولی نے دستخط کیئے ہیں۔ گومل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کیرئیر کونسلنگ اینڈ سکالر شپ ڈاکٹر حامد خان نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت گومل یونیورسٹی کے طلبہ کی سلیکشن متعلقہ وزارت کرے گی منتخب طلبہ کو گومل یونیورسٹی کے ہی طلبہ کی تعلیمی صلاحیت سے وابسطہ شعبہ جات میں تعینات کیا جائے گا اور ایک سال کے لیئے انٹرن شپ کی مد میں فی طالب علم پچیس ہزار روپے ماہوار اعزازیہ وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے ادا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ خان کے خصوصی تعاون اور دلچسپی کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں