
گومل یونیورسٹی اورہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے باہمی اشتراک سے ”جدید تدریسی حکمت عملی” کے عنوان پر ہونیوالی سہ روز ورکشاپ اختتام پزیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ تھے ۔ورکشاپ کے آرگنائزر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر برکت علی تھے۔ ورکشاپ میں معروف بین الاقوامی مہمان سپیکر پروفیسر ڈاکٹر واصف گیلانی گلف میڈیکل یونیورسٹی نے آن لائن جبکہ قومی مہمان سپیکر ڈاکٹرمحمد وقاص، یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز لاہور،ڈاکٹر عابد حسین یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ ، آزاد کشمیر،ڈاکٹر عدنان جمیل ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورنے بھی اپنے تجربات کی روشنی میں دورحاضر کے جدید تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تدریسی عمل کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ورکشاپ کے انعقاد سے ایک طرف تو اساتذہ کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور دوسری طرف ادارے میں تعلیمی معیارمزید بہترہوتی ہے کیونکہ جب ہم نے بحیثیت استاد یونیورسٹی کو جوائن کیا اس وقت ہمارے سینئر اساتذہ ہمیں سیکھاتے تھے کہ صبح آپ لوگوں نے کس طرح لیکچر دینا ہے اور پھر کلاسوں میں آکر چیک کرتے تھے اور یہی چیزیں تعلیمی معیاری کی بہتری کا باعث بنتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ جب بھی جہاں جائوں ہمیشہ فیکلٹی آف فارمیسی اور اس کے اساتذہ کا نام عزت و احترام سے لیا جاتا ہے جو گومل یونیورسٹی کے لئے باعث فخر ہے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے مہمان سپیکر و دیگر میں شیلڈ ز اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیں۔