Gomal University

گومل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف میانوالی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے

گومل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف میانوالی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط یونیورسٹی آف میانوالی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان نے جبکہ گومل یونیورسٹی کی طرف سے رجسٹرار ڈاکٹر محمد شعیب نے کئے۔ اس موقع پرگومل یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے ڈینز، انتظامی افسران سمیت یونیورسٹی آف میانوالی کے رجسٹرار ڈاکٹر عبدالماجد رانا اور ڈائریکٹر کیو ای سی بھی موجود تھے ۔یہ مفاہمتی یادداشت گومل یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اورک کے تعاون اور کاوشوں سے سر انجام دی گئی۔ اس معاہدے میں متفقہ شرائط و ضوابط دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان قومی اور بین الاقوامی تعاون سمیت علمی،تحقیقی اورتعلیمی تعاون کو فروغ ‘باہمی فیکلٹی/طلبہ کے تبادلے اور مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون پر مبنی پروگرام ،سیمینار ،سمپوزیم و دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف میانوالی پروفیسرڈاکٹر اسلام اللہ خان نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کو دونوں تعلیمی اداروں کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ یونیورسٹیوں کاکام علم و تحقیق کو فروغ دینا ہوتا ہے جسکے بعد دونوں تعلیمی اداروں کے اساتذہ اورطلبا اس سے مستفید ہونگے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر میں یہ کہوں کہ آج کی مفاہمتی یادداشت وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی علم دوستی کا ثبوت ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ اس موقع پر رجسٹرار گومل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد شعیب نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کے محنت اور لگن کے باعث آج ہم نے یونیورسٹی آف میانوالی سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں جودونوں تعلیمی اداروں کی ترقی و خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہو گااور اس سے دونوں تعلیمی ادارے مشترکہ طور پر اپنی صلاحیتوں سے علم و تحقیق پر کام کرینگے جو فروغ تعلیم میں نہایت مددگار ثابت ہونگے اور اس سے اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد مستفید ہو گی اور گومل یونیورسٹی نئی بننے والی میانوالی یونیورسٹی کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مفاہمتی یادداشت کے اختتام پر گومل یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد شعیب نے یونیورسٹی آف میانوالی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان کو گومل یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی اوریونیورسٹی آف میانوالی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان نے وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کو یونیورسٹی آف میانوالی کی اعزازی شیلڈ پیش کی جو ان کی جگہ رجسٹرار گومل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد شعیب نے وصول کی ۔دریں اثناء یونیورسٹی آف میانوالی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسلام اللہ خان نے گومل یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

Scroll to Top