Gomal University

مہذب باشعور اور پڑھے لکھے معاشرے کی بنیاد رکھنے کیلئے نوجوان نسل میں استاد کی عزت وقار کا خیال اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے’اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم

مہذب باشعور اور پڑھے لکھے معاشرے کی بنیاد رکھنے کیلئے نوجوان نسل میں استاد کی عزت وقار کا خیال اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار سٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محمد شعیب سمیت تمام شعبہ جات کے ڈینز، پروفیسر، انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم فراہمی کے ساتھ طلباء کی مثبت ذہنی سازی اور انہیں مہذب اور محب الوطن شہری بنانا استاد کی ذمہ داری ہوتی ہے جن کی محنت اور لگن سے یہ نوجوان مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالتے ہیں اور زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنے کامیابی کے جوہر دکھا کر ملک کی ترقی ، خوشحالی اور کامیابی کا باعث بنتے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا کام قیام امن کیلئے اپنے خدمات سر انجام دینا ہے اور مسائل کوحل کرنا ہے تاکہ ہمارا پیار ا ملک پر امن طریقے سے کامیابی کی منازل طے کرتا جائے۔ بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم مزید کہنا تھا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کئی بار مدعو کیا مگر مصروفیات کے باعث تاخیر ہوتی رہی اور آج یہاں آکر اور آپ سے مل کر ایسا لگا جیسا میں آپ میں سے ہی ہوں کیونکہ سیکیورٹی اداروں اور تعلیمی اداروں کا باہمی اشتراک معاشرے کی بہتری اور ریاست کی خوشحالی کا باعث ہوتاہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر شکیب اللہ نے یونیورسٹی میں طلباء کی تعداد کے بارے میں بتایا جو کہ اب20ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس میں سب سے اہم بات کہ اس میں 40%طالبات شامل ہیں جو کہ نہایت ہی خوش آئند بات ہے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کہا کہ سب سے پہلے تو میں اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم کا اپنی انتہائی مصروفیات میں سے وقت نکال کر گومل یونیورسٹی آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔ وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم جس پر امن ماحول میں طلباء کو علم کی شمع سے روشناس کروارہے ہیں یا پھر ہم اپنے علاقوں میں یا گھر میں آزادی سے اپنی زندگی گزار رہے ہیں یہ سب پاک فوج کی قربانیوں کا ثمر ہے۔پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کاکہنا تھا کہ پاک فوج کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہمارے کتنے جوانوں نے اپنے کل کو ہمارے آج پر قربان کر دیا جس پر ہم ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کودیکھتے ہوئے گومل یونیورسٹی میں شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ ہم ان شہداء کے خاندانوں کو یہ باور کروا سکیں کہ گومل یونیورسٹی کا ہر استاد، افسر، ملازم اور طالبعلم آپ کے ساتھ ہے اور اپنے کے پیاروں کی قربانیوں کی دل سے عزت کرتا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم کو گومل یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کو سوینئر بھی پیش کیا۔ آخر میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف حفیظ انجم کو گومل یونیورسٹی کا دورہ بھی کروایا

Scroll to Top